نیرج چوپڑہ نے اولمپکس میںنئی تاریخ رقم کی

,

   

ہندوستان کو پہلا گولڈ میڈل ۔ وزیر اعظم اور سارے ملک کی جانب سے مبارکباد

ٹوکیو : ہندوستان کے نیرج چوپڑہ نے آج ایک نئی تاریخ بنائی جب انہوں نے جیویلن تھرو میں ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا ۔ وہ اولمپکس کی تاریخ میں پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں جنہوں نے اتھیلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے ۔ وہ انفرادی اولمپک میڈل جیتنے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔ نیرج چوپڑہ نے ہفتے کو ہوئے فائنل میں 87.58 میٹر تک تھرو کرتے ہوئے اول مقام حاصل کیا ۔ انہوں نے شروعات 87.03 میٹرس سے کی تھی ۔ چوپڑہ نے اپنی دوسری کوشش میں سرفہرست مقام اور گولڈ میڈل حاصل کرکے تاریخ رقم کردی ۔ چیک جمہوریہ کے جیکب وڈلیج اور وٹزسلاو ویسلی کو سلور اور برانز میڈل حاصل ہوا ۔ جرمنی کے جوہانس ویٹر کو گولڈ میڈل کیلئے پسندیدہ سمجھا جارہا تھا تاہم وہ فائنل میں بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے اور آخری تین تھرو کیلئے کوالیفائی نہیں ہوئے ۔ چوپڑہ کے گولڈ میڈل جیتنے پر میڈل تقریب میں ہندوستان کا قومی ترانہ بجایا گیا ۔ قبل ازیں چہارشنبہ کو 86.65 میٹر تھرو کے ذریعہ چوپڑہ فائنل کیلئے کوالیفائی ہوئے تھے ۔ چوپڑہ اس سے قبل دولت مشترکہ کھیلوں اور ایشین گیمس 2018 میں بھی گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ سارے ملک کے عوام نے چوپڑہ کو مبارکباد پیش کی ۔