نیرو مودی کے معاملے میں ای ڈی کی عرضی پر عدالتی سوال

   

ساحلی ٹائون علی باغ کی غیر قانونی تعمیرات پر عدالت کا سخت موقف
ممبئی۔14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائی کورٹ نے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی اس درخواست پر سوال اٹھایا کہ مفرور جیولر نیرو مودی کے غیر قانونی بنگلہ واقع علی باغ (پڑوسی ضلع رائے گڑھ) کے لیے انہدام کے حکم نامے پر حکم التوا جاری کیا جائے۔ چیف جسٹس این ایچ پارٹل اور جسٹس این ایم جمدار کی ڈیویژن بنچ نے 2019ء اس مسئلہ پر اکھل بھارتیہ مراٹھا سیوا سنگھ کے شمبھو راجے یووا کرانتی کی داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کررہی تھی۔ ضلع کلکٹر رائے گڑھ نے گزشتہ ماہ 58 غیر مجاز ڈھانچوں کو منہدم کردینے کے احکام جاری کردیئے تھے۔ یہ تعمیرات علی باغ جو مقبول ساحلی ٹائون ہے جہاں ہفتے کے آخری دنوں میں سیاح آتے رہتے ہیں، وہاں ساحل کے پاس بنائی گئی تھیں۔ انہدام کا حکم نامہ ہائی کورٹ کی جانب سے سرزنش کے بعد جاری کیا گیا تھا کیوں کہ غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے میں حکام کی ناکامی پر عدالت نے سخت نوٹ لیا تھا۔ ای ڈی نے گزشتہ ہفتے ہائی کورٹ میں ایک درخواست کے ذریعہ مطلع کیا تھا کہ نیرو سے متعلق عمارت ایجنسی نے مفرور جیولر کے خلاف منی لانڈرنگ اینکوائری کے تحت قرق کرلی ہے۔