آکلینڈ (سید مجیب کی رپورٹ): نیوزی لینڈ کے وزیرخارجہ ونسٹن پیٹرز جاریہ ہفتہ اپنے تھائی ہم منصب سے بات چیت کیلئے بنکاک جارہے ہیں اور انڈونیشیا کے اگلے صدر پرابووسوبیانتو کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے جکارتہ بھی جائیں گے۔ اس موقع پر ونسٹن پیٹرز نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انڈونیشیا کے ساتھ جامع شراکت داری اور ہند۔ بحرالکاہل کے خطہ میں جمہوریت کے طور پر مشترکہ تعلقات کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہیکہ ہم دنیا کی تیسری سب سے بڑی جمہوریت میں اقتدار کی منتقلی کیلئے اپنی مضبوط حمایت ظاہر کریں۔ ونسٹن پیٹرز انڈونیشیا کے پاپوا میں یرغمال بنائے گئے نیوزی لینڈ کے پائلٹ فلپ مہٹرنیز کی حالیہ رہائی کیلئے انڈونیشیا کے تعاون کیلئے اظہارتشکر بھی کریں گے۔ ونسٹن پیٹرز 21 اکٹوبر کو نیوزی لینڈ واپس آئیں گے۔