نیٹ امتحان کیلئے سنگاریڈی میں سخت انتظامات

   

ضلع میں 9 امتحانی مراکز، کسی خوف کے بغیر شریک ہونے طلبہ سے کلکٹر کی خواہش
سنگاریڈی 18 جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین (آئی اے ایس) اور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پریتوش پنکج (آئی پی ایس) نے 21 جون بروز اتوار منعقد ہونے والے نیٹ-یو جی 2026 امتحان کے پْرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور امتحانی مراکز کے چیف سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ضلع سنگاریڈی میں مجموعی طور پر 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں 2,924 امیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔ امتحان دوپہر 2 بجے سے شام 5:15بجے تک منعقد ہوگا۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ امتحانی مراکز پر پینے کے پانی، بجلی، طبی سہولیات اور آمد و رفت کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔کلکٹر نے مزید بتایا کہ امتحان سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں منعقد کیا جائے گا جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف الیکٹرانک سگنلز کی روک تھام کے لیے جیمرز نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و تشویش پُرسکون ماحول میں امتحان دیں۔اس موقع پر ضلع ایس پی پریتوش پنکج نے کہا کہ امتحان کے دوران ضلع بھر میں سخت پولیس بندوبست کیا جائے گا۔ امتحان کے اختتام تک امتحانی مراکز کے اطراف موجود زیراکس اور انٹرنیٹ مراکز بند رہیں گے انہوں نے بتایا کہ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 163 بی این ایس ایس (سابقہ دفعہ 144 سی آر پی سی) نافذ رہے گی، جس کے تحت غیر ضروری اجتماع اور گروہی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ایس پی نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ مقررہ وقت سے قبل امتحانی مراکز پہنچ جائیں کیونکہ مقررہ وقت کے بعد گیٹ بند کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے امیدواروں کو این ٹی اے کی تمام ہدایات پر عمل کرنے اور صرف مجاز اشیاء ساتھ لانے کی تلقین کی۔ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ نیٹ۔یو جی 2026 امتحان کے کامیاب انعقاد کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون کے ساتھ فرائض انجام دیں۔