کھٹمنڈو۔یکم ؍ جون( ایجنسیز )نیپال کرکٹ ٹیم کے اوپنر کوشل بھرتیل نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگائے اور چین کے خلاف اس میچ میں کئی ریکارڈز بن گئے۔ نیپال مینز کرکٹ ٹیم نے اتوار کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2 مرتبہ 300 سے زائد رنز اسکور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔اتوار کو سنگاپور میں کھیلے گئے ایشین گیمز کوالیفائر میں نیپال نے چین کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 313 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔اس اننگز میں مجموعی طور پر 29 چھکے شامل تھے۔نیپال کے پہاڑ جیسے اسکور میں اوپنر کوشل بھرتیل کی دھواں دار بیٹنگ شامل تھی جنہوں نے صرف 43 گیندوں پر 129 رنز اسکور کیے۔ان کی اننگز میں 16 چھکے شامل تھے۔کوشل بھرتیل کی اننگز کا سب سے یادگار لمحہ9 واں اوور تھا، جس میں انہوں نے چین کے اسپنر Chen Zhuo Yueکو ایک اوور میں 6 چھکے لگائے اور ایک ہی اوور میں 37 رنز بٹور لیے۔ تفصیلات کے مطابق سنگاپور نیشنل کرکٹ گراؤنڈ، سنگاپور میں نیپال اور چین کے درمیان پہلا T20 میچ کھیلا گیا جو نیپال کی جیت کے ساتھ ختم ہوا جس نے 314 رنزکے نشانہ کا دفاع کرتے ہوئے چین کو 92 رنز پر آؤٹ کر کے 221 رنز کی فتح حاصل کی۔