نیپال : امریکی امداد کے خلاف احتجاج پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

   

کٹھمنڈو : نیپال میں ارکان پارلیمان نے سڑکوں کی تعمیر اور بجلی کے منصوبوں سے متعلق 50کروڑ ڈالر وصول کرنے کی منظوری دے دی۔ اسپیکر اگنی سپکوٹا کا کہنا ہے کہ مختصر بحث کے بعد حکومت بیشتر قانون سازوں کو اس تجویز کی منظوری کے لیے قائل کرنے میں کامیاب رہی۔ 2017 ء میں ایک امریکی امدادی ایجنسی ملینیم چیلنج کارپوریشن (ایم سی سی) نے ان منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ امداد کو واپس کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور اس کے ساتھ کوئی شرائط بھی شامل نہیں ہیں۔ اجلاس کے دوران چین نواز کمیونسٹ جماعتوں کے کارکنوں نے پارلیمان کے باہر ٹائر جلاکر احتجاج کیا۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے خلاف مہم چلانے کے پیچھے بیجنگ کا ہاتھ ہے۔یاد رہے کہ امریکہ نے کچھ سال قبل نیپال میں آئے زبردست زلزلہ کے بعد سے اس ہمالیائی مملکت کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے لیکن اب امریکہ یہ کہنا ہے کہ امداد کے خلاف مہم چلانے میں چین کا ہاتھ ہے۔