وردھنا پیٹ میں کانگریس اور ٹی آر ایس قائدین میں دھکم پیل

   

پولیس کی مداخلت سے معاملہ رفع دفع۔ تمام مراکز پر رائے دہی پُرامن
حیدرآباد۔/22جنوری، ( سیاست نیوز) ضلع ورنگل ( رورل ) وردھنا پیٹ میونسپل کونسل کیلئے آج منعقد ہوئی رائے دہی کے دوران ڈی سی تانڈہ چھٹویں بلدی وارڈ میں مرکز رائے دہی کے پاس تلنگانہ راشٹرا سمیتی اور کانگریس پارٹی قائدین نے ایک دوسرے کے کالر پکڑکر دھکم پیل کی بلکہ ایک دوسرے پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ جس کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری مداخلت کرکے دونوں پارٹیوں کے قائدین کو مقام واقعہ سے منتشر کرکے چھ افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں ورنگل رورل کے وردھنا پیٹ میونسپل کونسل میں واقع وارڈ نمبر 4 بھوانی کنٹہ مرکز رائے دہی پر رائے دہی میں بڑے پیمانے پر خلل اندازی ہوئی۔ اس وارڈ میں برقی سربراہی اچانک مسدود ہوجانے کے نتیجہ میں رائے دہی کے عمل میں زبردست خلل اندازی ہوئی لیکن پولنگ اسٹیشن میں پائے جانے والے اندھیرے کے باوجود رائے دہی کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم بتایا جاتا ہے کہ ووٹ ڈالنے کیلئے آئے ہوئے بعض معمر رائے دہندوں کو ووٹ کا استعمال کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ متحدہ ضلع ورنگل کی 9 بلدیات میں آج منعقدہ رائے دہی کا عمل جاری رہا۔ ان 9 بلدیات کے جملہ 200 وارڈز کیلئے انتخابات منعقد کرنے کیلئے انتخابی اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ ان 200 بلدی وارڈز کے منجملہ 18 وارڈز پر امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ مابقی 182 بلدی وارڈز کیلئے آج رائے دہی جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وردھنا پیٹ میونسپل کونسل کیلئے منعقد ہورہے انتخابات میں جملہ 11 مختلف پارٹیوں کے امیدوار اور 285 آزاد امیدوار انتخابی میدان میں پائے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں متحدہ ضلع ورنگل میں منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے 351 مراکز رائے دہی قائم کئے گئے اور رائے دہی کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضلع نظم و نسق کی جانب سے بڑے پیمانے پر موثر انتظامات کئے گئے اور وسیع تر سیکورٹی کے انتظام کرتے ہوئے بعض حساس مراکز رائے دہی کے پاس زائد تعداد میں پولیس کو تعینات کرنے اور انتخابی ڈیوٹی انجام دینے کیلئے زائد از 1845 سرکاری ملازمین کو انتخابات کے سلسلہ میں ڈیوٹی الاٹ کی گئی اور تمام کے تمام ملازمین وغیرہ سے غیر جانبدارانہ انداز میں ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے مکمل طور پر منصفانہ اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔