ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے خطاب کے دفاع کے دباؤ: باوما

   

جوہانسبرگ، 28 اگست (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے خطاب کے دفاع کے دباؤکا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم آئندہ مصروف سیزن کے لیے تیاریاں کر رہی ہے، جس میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز شامل ہیں۔جنوبی افریقہ نے جون 2025 میں لارڈز میں آسٹریلیا کو ڈبلیو ٹی سی فائنل میں شکست دے کر پہلی مرتبہ اس چمپئن شپ کا خطاب جیتا تھا۔ اب خطاب کے دفاع کی مہم کا آغاز 9 اکتوبرکو ڈربن کے کنگزمیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ میچ سے ہوگا۔ تین ٹسٹ میچوں کی سیریزکا دوسرا مقابلہ گکیبرہا کے سینٹ جارجز پارک اور تیسرا میچ کیپ ٹاؤن کے نیولینڈز میں کھیلا جائے گا۔ نئے ڈبلیو ٹی سی سائیکل کی اپنی پہلی ہوم سیریز سے قبل کپتان باوما نے اعتراف کیا کہ چمپئن ہونے کی وجہ سے ٹیم پر دباؤ ہوگا اور مخالف ٹیمیں بھی جنوبی افریقہ کے خلاف زیادہ شدت کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ باوما نے آئندہ ہوم مہم سے قبل ’ٹائمز لائیو‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، اگر میں اسے اس طرح کہوں تو ہماری پیٹھ پر نشانہ موجود ہے۔ اب جو ٹیمیں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلیں گی، وہ نمبر ایک ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیت آزمانا چاہیں گی۔ اگر دباؤ ہے تو معاملہ یہ ہے کہ ہم اس دباؤ پر پورا اتریں اور اسے برداشت کرنے کے قابل ہوں۔ ڈبلیو ٹی سی فاتح کپتان نے زور دیا کہ اضافی دباؤ کے باوجود ٹیم کی بنیادی شناخت اور معیار میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ اسکواڈ میں دفاعی چمپئن کی ذمہ داریوں سے نمٹنے کے لیے ذہنی مضبوطی موجود ہے۔ باوما نے کہا ٹیم کے ساتھ بنیادی سطح پر بہت سا کام ہوا ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ یہ دباؤ ہمیں تبدیل کرے گا۔ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں کیا حاصل کرنا ہے اور ہماری شناخت کا بڑا حصہ پہلے ہی طے ہوچکا ہے۔ اب صرف یہ ہے کہ ہم اپنے مقررکردہ سابق معیار سے بھی بہتر کارکردگی کا راستہ تلاش کریں۔ انہوں نے مزید کہا، ہم فخر کے ساتھ ٹسٹ چمپئن ہونے کا اعزاز لیے گھومتے ہیں۔ ڈریسنگ روم میں جب ہم اس بارے میں بات کرتے ہیں تو مجھے کھلاڑی خوفزدہ نظر نہیں آتے۔ باوما نے تصدیق کی کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز اور اس کے بعد ہونے والی ہوم سیریز کی تیاریاں پہلے ہی شروع کردی گئی ہیں۔جنوبی افریقہ نومبر میں بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گا۔ یہ مقابلے جوہانسبرگ کے وانڈررز اور سنچورین کے سوپر اسپورٹ پارک میں ہوں گے۔ اس کے بعد دسمبر اور جنوری میں تین مقامات پر انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔