احمدآباد : کپتان ایان مورگن نے انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل سے مکمل فائدہ اٹھائیں تاکہ ورلڈ کپ کیلئے بہتر تیاری ہوسکے جیسا کہ آئی سی سی کا ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر ۔ نومبر میں ہندوستان میں منعقد شدنی ہے۔ مورگن کو اُمید ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے انگلش ٹیم کے کھلاڑی آئی پی ایل کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں گے جس کا 10 اپریل کو آغاز ہورہا ہے۔ ہندوستان کے خلاف پانچ مقابلوں کی ٹی 20 سیریز جس میں انگلینڈ کو 2-3 کی شکست ہوئی، اس کے بعد مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل سے وابستہ انگلش کھلاڑیوں کو اس لیگ سے مکمل فائدہ اٹھانا چاہئے تاکہ ورلڈ کپ کی تیاری آسان ہوسکے۔ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کی قیادت کرنے والے ایان مورگن کو اُمید ہے کہ آئی پی ایل سے وابستہ کھلاڑی اس لیگ سے پورا فائدہ اٹھائیں گے، حالانکہ انگلینڈ کی ٹیم موسم گرما میں نیوزی لینڈ اور ہندوستان کی میزبانی کرے گی جس کی وجہ سے بیشتر کھلاڑی مذکورہ سیریز میں مصروف رہیں گے جیسا کہ ہندوستان کے خلاف 5 اور نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹسٹ مقابلے جون اور ستمبر کے درمیان کھیلے جائیں گے، لیکن اس سے قبل بنگلہ دیش اور پاکستان کے خلاف سفید گیند کی کرکٹ کھیلی جائے گی اور ان ممالک کے خلاف ہونے والے مقابلے ورلڈ کپ کی تیاری کا انگلش کھلاڑیوں کو موقع فراہم کریں گے۔مورگن نے کہا کہ ہم پورا موسم گرما گھریلو سیریز بھی کھیلیں گے جس میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف محدود اوورس کی کرکٹ کھیلی جائے گی اور یہ انگلش کھلاڑیوں کیلئے محدود مواقع ہوں گے۔ مورگن نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آئندہ چند ماہ انگلش ٹیم کیلئے کافی اہمیت کے حامل ہیں جس میں آئی پی ایل بھی شامل ہے جو کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع فراہم کرے گا۔