ورلڈ کپ کے دوران حیدرآباد میں بریانی کی مانگ میں اضافہ

   

حیدرآباد ۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کا اختتام ہوچکا ہے جس کے بعد مختلف ماہرین کرکٹ اور اس سے منسلک دیگر امور کا تجزیہ کرنے میں مصروف ہیں۔ اسی دوران اوبیر ایٹس جوکہ عالمی سطح پر500 سے زائد شہروں میں اپنی خدمات انجام دیتی ہے۔ اس نے 30 مئی تا 11 جولائی ورلڈ کپ کے مقابلوں کے دوران ہندوستان کے مختلف شہروں میں آرڈر کئے جانے والے کھانوں کا تجزیہ پیش کیا ہے جس میں حیدرآباد میں ورلڈ کپ کے مقابلوں کے دوران سب سے زیادہ مانگ بریانی کی رہی۔ حیدرآبادی بریانی ویسے تو ساری دنیا میں مشہور ہے تو پھر ہندوستان کے مقبول ترین کھیل کرکٹ اور وہ بھی ورلڈ کپ کے مقابلوں کے دوران حیدرآبادی عوام اپنی پسندیدہ ڈش بریانی سے کس طرح دور رہ سکتے تھے۔ ورلڈ کپ کے دوران ہندوستان کا جب پاکستان سے مقابلہ تھا تو اس دوران بھی حیدرآباد میں بریانی کے آن لائن آرڈر کی مانگ میں کافی زیادہ اضافہ رہا۔ علاوہ ازیں آئسکریم کے آرڈر میں بھی حیدرآباد میں پہلا مقام حاصل کیا جبکہ دوسہ دوسرے مقام پر رہا اسی طرح روٹی کو حیدرآبادیوں نے تیسرا مقام دیا ہے۔ تفصیلات میں ہندوستان کے دیگر شہروں سے بھی ورلڈ کپ کے دوران ہونے والے کھانوں کے آن لائن آرڈرس کی تفصیلات بھی جاری کی گئی ہیں جس میں دہلی، جئے پور، اندور، کولکتہ، پونے اور لکھنؤ میں سب سے زیادہ روٹی کو ترجیح دی گئی جبکہ بنگلور کی عوام نے سب سے زیادہ دوسہ منگوایا۔ احمدآباد کے کرکٹ شائقین نے پیزا کو ترجیح دی جبکہ ممبئی کی عوام آئسکریم کی دلدادہ رہی۔ ناگپور والوں نے سموسہ کو ترجیح دی تو امرتسر نے برگر کو پہلا مقام دیا اسی طرح چندی گڑھ والوں نے پراٹھا منگوایا۔ علاوہ ازیں ہندوستانی ٹیم جب بھی مقابلہ میں کامیابی حاصل کی تو آن لائن میٹھوں کی مانگ میں اضافہ رہا جس میں خاص کر کیکس، آئسکریم اور گلاب جامن عوام کی پہلی پسند رہی۔