ورمونٹ پرائمری میں نکی ہیلی کی حیران کن کامیابی

   

نیویارک : سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹیکساس اور کیلیفورنیا سمیت 12 ریاستوں سے پرائمری انتخابات جیت لیے ہیں تاہم ورمونٹ میں نِکی ہیلی کے حیران کن اپ سیٹ کے بعد وہ کلین سویپ کرنے سے محروم رہ گئے۔ اے ایف پی کے مطابق سابق صدر جو وائٹ ہاؤس میں واپسی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، کو 2020 میں ڈیموکریٹ جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ’سپیر ٹیوزڈے‘ کے سب سے بڑے مقابلے میں امریکہ کی سولہ ریاستوں میں پرائمری انتخابات منعقد ہوئے۔ ریاست الاباما، آرکنساس، مین، شمالی کیرولینا، اوکلاہوما، ٹینیسی، کولاراڈو، کیلیفورنیا، ٹیکساس، مینیسوٹا، میساچوسٹس اور ورجینیا کے پرائمری انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی ملی ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں گنتی کا عمل جاری ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا۔ریپبلکن پارٹی ایک اور صدارتی امیدوار اور اقوام متحدہ کی سابق سفیر نِکی ہیلی ٹرمپ کی نامزدگی کے راستے میں ایک اہم رکاوٹ بننے میں ناکام رہی ہیں تاہم اب تک انہوں نے صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ سے باہر ہونے سے انکار کیا ہے۔توقع کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کی نامزدگی کے مقابلے میں صدر جو بائیڈن پہلی 11 ریاستوں میں کامیاب رہے ہیں۔