ورنگل میں عالمی معیار کے ڈیزائن اسکول کا آغاز

   

ورنگل۔ 30 جون (سیاست ڈسٹرک نیوز) ایس آر یونیورسٹی (SRU) اور ہیمسٹیک کے اشتراک سے قائم کیے گئے ‘‘ایس آر یو اسکول آف ڈیزائن پاورڈ بائی ہیمسٹیک’’ کا افتتاح ایس آر یونیورسٹی کیمپس ،حسن پرتی ہنمکنڈہ عمل میں آیا۔ افتتاح معروف فیشن ڈیزائنر اور قومی اعزاز یافتہ نیتا لولا نے کیا۔ اس ادارے میں بیچلر آف ڈیزائن (B.Des) کے تحت فیشن ڈیزائن اور انٹیریئر ڈیزائن کے کورسز شروع کیے جائیں گے۔ ڈیزائن تعلیم میں تین دہائیوں کا تجربہ رکھنے والے ہیمسٹیک (Hamestech)اور پانچ دہائیوں سے تعلیمی خدمات انجام دینے والی ایس آر یونیورسٹی کے اشتراک سے قائم ہونے والا یہ ادارہ طلبہ کو عالمی معیار کی عملی اور صنعتی تربیت فراہم کرے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتا لو لا نے کہا کہ ڈیزائن کی تعلیم کو صنعت کی بدلتی ضروریات کے مطابق مسلسل ترقی کرنا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تخلیقی انداز میں سوچیں اور نئے خیالات کو عملی شکل دیں۔ ہیمسٹیک گروپ آف کمپنیز کی سی ای او اجیتا یوگیش نے کہا کہ اس اشتراک کے ذریعے تلنگانہ کے طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی ڈیزائن تعلیم، صنعتی ماہرین کی رہنمائی اور عالمی مواقع حاصل ہوں گے۔ایس آر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر دیپک گارگ نے کہا کہ یہ نیا ادارہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق تخلیقی، جدید اور عملی تعلیم فراہم کرے گا۔ یونیورسٹی کے چانسلر اے. وردھاریڈی نے کہا کہ ہمیسٹک کے ساتھ شراکت داری کے ذریعہ طلبہ کو تخلیقی شعبوں میں نئے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ایک خصوصی فیشن شو بھی منعقد کیا گیا، جس میں ہیمسٹیک کے طلبہ نے نیتا لو لا کی رہنمائی میں تیار کردہ ملبوسات پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔