ورنگل میں یاد رفتگان پروگرام کا انعقاد، مرحوم شعراء ، ادباء کو خراج

   

ورنگل18جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام جلسہ یاد رفتگان کا 13جون بروز دوسرا ہفتہ بمقام اسلامک انفارمیشن سنٹر ‘ رائے پورہ’ ہنمکنڈہ میں منعقد کیا گیا۔ صدارت ڈاکٹر محمدبہادر علی موظف پر نسپال اسلامیہ ڈگری کالج ورنگل نے کی۔مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر مینار یٹی انٹلکچول فورم ورنگل’ جناب وہاج الحق سابق امیر مقامی ہنمکنڈہ جماعت اسلامی ہند،نصر اللہ خان صحا فی ، سید دستگیر سابق صدرایم پی جے نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز وہاج الحق کی تلاوت قرآن پاک اور ترجمہ سے ہوا۔ حمد بارئی تعالی جناب معشوق نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بارگاہ رسالت مآب میں نعت کا نذرانہ سید رضوان علی نے پیش کیا۔بعد ازاں بین ا لاقوامی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر بشیر بدر صاحب کے سانحہ ارتحال پر تحریک قلم ورنگل کی جانب سے ایک تعزیتی قرارداد منظور کرتے ہوئے ان کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کے لئے بارگاہ رب العزت میں دعا کی گئی۔اس کے ساتھ ہی جلسہ یاد رفتگان کا آغاز ہوا جس میں درج ذیل مر حوم شعراء و ادباء کے فن ،شخصیت اور ادبی خدمات پر تحریری، تقریری اور منظوم اظہار خیال کیا گیا۔ڈاکٹر عزیز احمد عرسی،جناب نادر اسلوبی ،جناب علی الدین گوہر،جناب خواجہ بے خود ،جناب تاج مضطر،جناب اجمل محسن ،ڈاکٹر فضل جاوید، جناب صابر کاغذ نگری،سامعین میں ان فن کاروں کے رشتہ دار، دوست و احباب، متعلقین اور رفقاء کی کثیر تعداد موجود تھی جن میں سے درج ذیل احباب نے اپنے پسندیدہ شاعر اور ادیب کے بارے میں تحریری ، تقریری اور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے اپنے انداز میں اظہار خیال کیا -جناب داؤد اسلوبی،جناب افضل علی شاہ، جناب مبین احمد زخم، گلبرگہ، حمید عکسی،محترمہ نعیمہ گوہر ، جناب نصر ا للہ خان ، جناب تاج تنویر تاج کریم نگر، جناب سافر ا لدین کریم نگر،جناب مسود مرزا محشر، ڈاکٹر عزیز سلیم، جناب امیر ا لدین امیر، ناصر واحدی، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، ڈاکٹر شجیع اکبر، جناب خواجہ کیفی،بعد ازاں ڈاکٹر بہادر علی نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام مرحوم شعراء و ادباء کے فن شخصیت اور ان کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں جناب سید دستگیر نے سب کے لئے عمومی اور مرحوم شعراء و ادباء کے حق میں خصوصی دعا کی۔ آخر میں جناب ناصر واحدی صدر تحریک قلم ورنگل کے ہدیۂ تشکر کے ساتھ ہی اس منفرد جلسہ کا کامیابی کے ساتھ اختتام عمل میں آیا۔ڈاکٹر عزیز سلیم نے اس جلسہ کی نظامت کی۔