وزیراعظم نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی،الیکشن کمیشن کارروائی کریں: جی نرنجن

   

حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر وائس پریسیڈنٹ جی نرنجن نے کہا کہ 16 مارچ سے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے جس کے مطابق کوئی بھی مساجد اور منادر کو انتخابی مہم کا حصہ نہیں بناسکتے۔ تاہم وزیراعظم نے آسام میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایودھیا میں رام مندر میں جاری پوجا کا ذکر کیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی نرنجن نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف کارروائی کریں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے الیکشن کمیشن سے تحریری طور پر نمائندگی بھی کی ہے۔ جی نرنجن نے کہا کہ 15 فروری کو الیکشن کمیشن نے قطعی ووٹر لسٹ جاری کی۔ آج انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔ گزشتہ روز 17 اپریل کو جی ایچ ایم سی کی جانب سے 5 لاکھ 41 ہزار ووٹ فہرست رائے دہندگان سے خارج کردینے کا اعلان کیا گیا ہے جس پر انہوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ووٹر لسٹ غلطیوں کا پلندہ ہے۔ اگر انتخابات میں کوئی بھی بے قاعدگیاں ہوتی ہیں تو اس کی ساری ذمہ داری الیکشن کمیشن پر عائد ہوگی۔ 2