وزیر اعظم مودی نے زیرِتعمیر پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا جائزہ لیا

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نےجمعرات کو نئی پارلیمنٹ کی عمارت کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں ایک گھنٹے سے زیادہ وقت گزارا اور مختلف کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی سہولیات کا مشاہدہ کیا اور تعمیراتی کارکنان سے بات چیت بھی کی۔گزشتہ سال جولائی میں وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی چھت پر قومی نشان کی نقاب کشائی کی تھی۔ قومی نشان کانسی کا بنا ہوا ہے جس کا کل وزن 9,500 کلوگرام ہے اور اس کی اونچائی 6.5 میٹر ہے۔ اسے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے مرکزی فوئر کے اوپر کاسٹ کیا گیا ہے۔ نشان کو سہارا دینے کے لیے تقریباً 6,500 کلوگرام وزنی اسٹیل کا ایک معاون ڈھانچہ بنایا گیا ہے۔