وزیر اعظم مودی کی رشی سنک سے فون پر بات چیت

,

   

دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت اور تعلقات کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی کے برطانیہ کے نومنتخب وزیر اعظم رشی سنک سے فون پر بات چیت کی ہے۔ اس بات چیت کے دوران دونوں قائدین نے دونوں ممالک کے درمیان رشتوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کا اظہار کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ہند نژاد رشی سنک بلا مقابلہ برطانیہ کے وزیر اعظم مقرر کیے گئے ہیں اور انھوں نے برطانیہ کو جلد از جلد معاشی بحران سے باہر نکالنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک آزادانہ تجارت اور اس کے معاملات میں مزید پیشرفت کیلئے اقدامات کریں گے ۔ برطانیہ کے وزیراعظم کی حیثیت سے منگل کو جائزہ حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم مودی کی رشی سنک سے پہلی بات چیت ہوئی ۔ مودی نے بات چیت پر مسرت کا اظہار کیا اور برطانیہ کے وزیراعظم کی حیثیت سے جائزہ کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی ۔ مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹراٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے وہ ملکر کام کریں گے ۔ دونوں قائدین نے جامع اور متوازن فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی اہمیت سے بھی اتفاق کیا ۔ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کیلئے جنوری میں مذاکرات کا آغاز کیا گیا تھا لیکن بعض امور پر اتفاق رائے کے فقدان کے باعث مذاکرات تکمیل نہیں ہوپائے تھے ۔ وزیر خزانہ کی حیثیت سے رشی سنک نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی حمایت کی تھی کیونکہ فن ٹیک اور انشورنس کے شعبوں میں دونوں ممالک کیلئے اس کے تحت بے شمار موقع تھے ۔