وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ ایران و سعودی عرب

   

اسلام آباد 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی آج ایران اور سعودی عرب کے دورہ پر روانہ ہوگئے جبکہ علاقہ میں ایک ٹاپ ایرانی جنرل کی ہلاکت کے خلاف کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ۔ ایرانی فوجی جنرل کو عراق میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا ۔ قریشی نے یہ دورہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کیا ہے جنہوں نے قریشی کو علاقہ کا دورہ کرنے اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کی ہدایت دی ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کی سرحدات ملتی ہیں اور وہ کسی بھی علاقائی تنازعہ یا تصادم کا فریق نہیں بن سکتا ۔ اس کی بجائے پاکستان قیام امن کی کوشش کریگا ۔ پاکستان کی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کے بھی خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ تہران میں شاہ محمود قریشی ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کرتے ہوئے صورتحال پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ تہران سے وہ ریاض جائیں گے اور سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان سے ملاقات کرکے علاقائی امن و استحکام کے مسائل پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ اس دورہ میں وہ کشیدگی کو کم کرنے کے امکان پر تمام ذمہ داروں سے بات چیت کرینگے ۔ اپنے دورہ کے موقع پر دونوں ملکوں کے ذمہ داروں کے ساتھ مسٹر قریشی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر کو پیش کرنے کی کوشش کرینگے اور کشیدگی کو کم کرنے پر توجہ مرکوز کرینگے ۔