وسیم جعفر بنگلہ دیش اکیڈمی کے بیٹنگ کوچ مقرر

   

ڈھاکہ۔18مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق ٹسٹ اوپنر اور گھریلو کرکٹ کے بادشاہ کہے جانے والے وسیم جعفر کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی اکیڈمی کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔جعفر نے ہندستان کے لئے 31 ٹسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے پانچ سنچریاں اور11 نصف سنچریاں بنائیں۔ انہوں نے دو ونڈے مقابلے بھی کھیلے۔ وہ بنگلہ دیش کرکٹ اکیڈمی کے ساتھ سال میں چھ ماہ گزاریں گے۔41 سالہ کھلاڑی دراصل ڈھاکہ پریمیئر لیگ (ڈی پی جے) کھیلنے کے لئے دو ہفتے پہلے ڈھاکہ میں تھے۔ اس دوران بنگلہ دیش بورڈ کے حکام نے جعفر کو پریکٹس نیٹس پربیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ ان کی بیٹنگ سے متاثر ہوکر بورڈ نے انہیں اکیڈمی کوچ بننے کی تجویز دی تھی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔حال ہی میں بنگلہ دیش کے کھلاڑی سومیہ سرکار نے جعفر کیساتھ نیٹس پر وقت گزارا تھا جس کی مدد سے انہوں نے ڈی پی جے لیگ کے ونڈے میچ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔سرکار نے جعفر کے بارے میں کہاکہ میں نے جعفر کو نزدیک سے بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ وہ شاندار تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں40 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں جس کا مطلب وہ واقعی لاجواب ہیں۔اکیڈمی میں جعفر بنگلہ دیش کی انڈر 19، بنگلہ دیش اے اورسینئر ٹیم کو بھی تربیت دیں گے۔ یہ جعفر کا پہلا بین الاقوامی کوچنگ تجربہ ہو گا۔