ونپرتی میں بعض اہم سرکاری فائیلس غائب

   

ڈپٹی کلکٹر کی جانب سے 6 ملازمین کے خلاف مقدمہ، نائب تحصیلدار معطل
ونپرتی۔ /21 جنوری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ونپرتی لینڈ ایکوزیشن آفس میں فائلیں غائب ہوگئیں۔ واضح رہے کہ اضلاع کی تقسیم کے دوران حصول اراضی کی تفصیلات، زمینوں سے محروم ہونے والے کسانوں کو معاوضے کی کاپیاں، انہیں موصول ہونے والے معاوضے کی فائلوں کو نئے اضلاع کے مطابق تقسیم کیا گیا تھا۔ریکارڈ کے اندراجات میں یہ بھی کہا گیا کہ ونپرتی ضلع سے جڑی جورالا ، کلواکرتی اور بھیما پراجیکٹ کے متعلق تمام فائلیں موصول ہوچکی ہیں۔ لیکن چند روز قبل کچھ فائلیں غائب ہونے کی شکایات موصول ہونے کے بعد اعلیٰ افسران نے اس محکمے کے حوالے سے اندرونی انکوائری کا حکم دیا۔ کلکٹریٹ کے کچھ ملازمین کو اس میں شامل کیا گیا۔ اپنے ضلع سے متعلق اراضی کے حصول، معاوضے اور عدالتی ریکارڈ سے متعلق تمام فائلوں کو تلاش کرنے کے بعد، انہوں نے اعلیٰ افسران کو اطلاع دی کہ کچھ فائلیں نہیں ملی ہیں۔ چنانچہ ریکارڈ کی نگرانی کرنے والے نائب تحصیلدار کو معطل کر دیا گیا۔ حال ہی میں ونپرتی حصول اراضی آفس کے اسپیشل ڈپٹی کلکٹروینکٹیشورلو نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اور چھ آؤٹ سورسنگ عملے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس حوالے سے مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ لیکن اہم ترین محکمے میں فائلیں غائب ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور الزام لگایا گیا ہے کہ اس محکمے میں کام کرنے والے بعض عملے نے لالچ میں آکر فائلیں غائب کردی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ اہم ترین ریکارڈ پرائیویٹ افراد کے ہاتھ میں چلا گیا ہے۔سرکاری پیسہ ضائع کیا گیا ہے۔ اس کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سزا دینے کی ضرورت ہے۔