ونگس انڈیا 2020 ہوابازی شو کا بیگم پیٹ ائرپورٹ پر آغاز

   

حیدرآباد 12 مارچ ( سیاست نیوز ) ونگس انڈیا 2020 چار روزہ ہوابازی شو کا یہاں بیگم پیٹ ائرپورٹ پر آغاز ہوا ۔ یہ ہوابازی شو ’’ سب کیلئے پرواز ‘ تھیم کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے اور یہ در اصل تجارتی نمائش اور ائر شو ہے ۔ تاہم اس شو کا رسمی طور پر جمعہ کو مرکزی وزیر شہری ہوابازی ہردیپ سنگھ پوری افتتاح انجام دینگے ۔ وہ ہفتہ کو کانفرنس میںشرکت بھی کرینگے ۔ انڈین ائر فورس کی سارنگ ٹیم کی جانب سے فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا گیا جو سبھی کو دم بخود کردینے والا تھا ۔ سارنگ ہیلی کاپٹر پر اس ٹیم نے جو فضائی کرتب دکھائے وہ انتہائی حیران کن رہے ۔ چار دن تک جاری رہنے والے اس ہوابازی شو میں تمام دنوں میں دن میں 11.30 سے 12 بجے دو پہر تک اور شام میں 4 بجے سے یہ ہوائی کرتب سارنگ ٹیم کی جانب سے دکھائے جائیں گے ۔ دو سال میں ایک مرتبہ ہونے والے اس ہوابازی شو کا اہتمام ائرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا اور وزارت شہری ہوابازی کی جانب سے فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے ۔ یہ شو 15 مارچ تک جاری رہے گا ۔