وومنس کرکٹ ‘ جنوبی افریقہ کے خلاف اسپنرس نے مایوس کیا : پونم یادو

   

لکھنو ۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی سینئر بولر پونم یادو نے آج اعتراف کیا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز میں شکست کیلئے ناقص اسپین بولنگ ذمہ دار ہے کیونکہ اسپنرس نے اچھا مظاہرہ نہیں کیا ہے ۔ پونم یادو نے کہا کہ بولرس کیلئے غیرسازگار پچوں پر بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کے راستے تلاش کئے جا رہے ہیں۔ ہندوستانی وومنس ٹیم اپنی طاقتور اسپین بولنگ کیلئے شناخت رکھتی ہے تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ میچس کی سیریز میں سینئر اسپین بولرس نے مایوس کیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پانچ میچس کی سیریز پہلے ہی 3 – 1 سے جیت چکی ہے ۔ راجیشوری گائیکواڈ کے علاوہ دوسرے اسپنرس بھی افریقی بیاٹرس پر اثر انداز ہونے میں ناکام رہے ہیں۔ پونم یادو نے کہا کہ ہم نے جنوبی افریقہ کو خود ان کے ملک میں اور ہندوستان میں دونوں جگہ شکست دی ہے تاہم ہماری اسپین بولنگ اب کامیاب نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے کل ہونے والے پانچویں میچ سے قبل کی پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم اپنی کوتاہیوں کو پریکٹس سشن میں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ غور کیا جا رہا ہے کہ اگر بولرس کو پچ سے مدد نہ ملے تو کیا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے تاہم اس امید کا اظہار کیا کہ تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم زیادہ بہتر مظاہرہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 میں بولرس کو وکٹس حاصل کرنے سے زیادہ رنوں کو روکنے پر توجہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ہم اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ پونم یادو نے کہا کہ وہ خود اپنی بولنگ میں بہتری لانے کیلئے سخت جدوجہد کر رہی ہیں۔ پونم یادو کو جنوبی افریقہ کے خلاف اب تک کھیلے گئے چار میچس میں صرف ایک وکٹ حاصل ہوسکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سینئر کھلاڑی کی ٹیم میں جو رول ادا کرنے کی ذمہ داری ہوتی ہے وہ پوری کرنے میں وہ ناکام رہی ہیں تاہم انہیں امید ہے کہ وہ آئندہ میچس میں کارکردگی میں بہتری لائیں گی ۔