ووٹر لسٹ ، مکان نمبر کے مطابق شائع کیا جائے ریوینیو آفیسر سے نمائندگی

   

کریم نگر۔ 19 اگست(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق یوتھ کانگریس صدرعبدالرحمن نے ضلع کلکٹر کریم نگر کے نام ایک یادداشت ضلع ریونیو آفیسر (DRO) کو پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹ کو سیریل نمبر اور مکان نمبر کے مطابق منظم انداز میں شائع کیا جائے اور تمام ووٹروں کو اْن کے حقیقی رہائشی علاقوں سے متعلق درست پولنگ اسٹیشنوں میں درج کیا جائے۔ اس موقع پر محمد امیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔یادداشت میں کہا گیا کہ بعض علاقوں میں ووٹروں کے نام اْن کے اصل رہائشی پتوں سے متعلق پولنگ اسٹیشنوں کے بجائے دیگر پولنگ اسٹیشنوں میں درج کیے گئے ہیں۔ عبدالرحمن نے کہا کہ اس طرح کی بے ضابطگیوں کے باعث ووٹروں کو شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں اور انتخابی عمل کے دوران غیر ضروری الجھن اور تنازعات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ ووٹر لسٹ کو سیریل نمبر اور مکان نمبر کے مطابق شائع کیا جائے، ہر ووٹر کو اْس کے حقیقی رہائشی علاقے کے متعلقہ پولنگ اسٹیشن میں درج کیا جائے اور جن ووٹروں کے نام مبینہ طور پر غلط پولنگ اسٹیشنوں میں شامل ہیں اْن کی مکمل جانچ کر کے ضروری اصلاحات کی جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت سے قبل تمام خامیوں کو دور کرتے ہوئے حقیقی ووٹروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے محفوظ رکھا جائے۔