انتخابی نظام ای وی ایم ، ای سی آئی پر اظہارِ تشویش ، اقلیت اور پسماندہ طبقات سب سے زیادہ متاثر : حنیف احمد
محبوب نگر۔ 2 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کے رہنما اور سماجی جہد کار حنیف احمد نے ملک کے موجودہ انتخابی نظام ای وی ایم اور ای سی آئی نیٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے فوری استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حنیف احمد نے کہا کہ اوڈیشہ ، بہار ، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں ای وی ایم کی دھاندلیوں نے عوام کے ذہنوں میں شدید شک پیدا کر دیا ہے۔لہذا ای وی ایم کو فوراً ہٹا کر پرانے اور قابل اعتماد بیلٹ پیپر سے الیکشن کروائے جائیں۔ آنے والے اترپردیش اور تمام ریاستوں کے انتخابات صرف بیلٹ پیپر ہی سے ہونے چاہئیں ۔حنیف احمد نے انکشاف کیا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ میں جو دھاندلی ہو رہی ہے وہ بالکل غلط اور غیر قانونی ہے کیونکہ اس نظام اور ای سی آئی نیٹ کا مقصد صرف ووٹر لسٹ بدلنا نہیں بلکہ یہ عوام کی شہریت ختم کرنے کی ایک بڑی سازش ہے۔ پہلے ای آر او نیٹ کے تحت تمام اختیارات ہماری ریاستوں اور مقامی کلکٹروں کے پاس تھے لیکن اب تمام کنٹرول دہلی کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ نتیجے میں مقامی افسران کی درست معلومات کے باوجود مرکز میں بیٹھ کر لاکھوں حقیقی ووٹروں کے نام لسٹ سے کاٹے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کی سب سے بڑی مار دلت آدیواسی مزدور کسان غریبوں اور خاص طور پر اقلیتوں پر پڑ رہی ہے جن کا ووٹ اور شہریت چھیننے کی سازش ہو رہی ہے۔