ووٹ کا متحدہ استعمال کریں، ووٹ کو تقسیم سے بچائیں

   

مسلمانوں سے سید نجیب علی ایڈوکیٹ کی اپیل، کانگریس کا منشور تمام طبقات کی یکساں ترقی کا ضامن

نظام آباد :6؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب سید نجیب علی ایڈوکیٹ سینئر قائد کانگریس نے کانگریس کے عوامی منشور نہایت پتر’’ انصاف نامہ‘‘ کی اجرائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ منشور عوامی توقعات کے عین مطابق ملک میں محروم طبقات سے انصاف غریبوں کیلئے معاشی مساوات کی فراہمی بے روزگار نوجوانوں کیلئے امید کی کرن اور عوام کے تمام طبقات کی یکساں ترقی فلاح وبہبود کا ضامن ہے ۔ اس عوامی منشور کے ذریعہ ملک میں نا انصافی کا خاتمہ جدید دور کے سامراجی نظریات کے حامل اقتدار سے چھٹکارا حاصل ہوگااور عوام کیلئے ایک نئے خوشحال دور کا آغاز ہوگا کانگریس نے اپنے منشور میں بنیادی طور پر عوام کے پانچ طبقات نوجوانوں ، خواتین ، کسانوں ، مزدوروں اور عوام کے تمام طبقات کی یکساں ترقی اور فلاح وبہبود کیلئے حصہ داری کے انصاف کا وعدہ کیا ہے منفرد نوعیت کے حامل اس منشور کی اجرائی کے ذریعہ کانگریس پارٹی نے مخالف عوام ڈکٹیٹر شپ اور عوام کے حقوق سے محروم کرنے والی حکومت کے مقابلہ میں ایک امید اور خوشحال ملک کی تعمیر اور انصاف سے ہم آہنگ مستقبل کی ضمانت دی ہے ۔ منشور میں ملک کے طول و عرض کے علاقائی مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے اور تمام ہی طبقات کے ذات پا ت پر مبنی مردم شماری کے ذریعہ ان کا حق دینے اور حصہ داری کا وعدہ کیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ملک کے نازک حالات کے پیش نظر مسلمان سیکولر نظریات کی حامل کانگریس پارٹی کو اقتدار میں لانے کیلئے ممکنہ سعی وجہ کریں تاکہ ملک میں امن و امان کا قیام انصاف پر مبنی نظام سرکاری مشنری کے بیجا استعمال عدلیہ پر دبائو اور عوامی اداروں پر تسلط کے ذریعہ عوامی حقوق سے محروم کرنے والے اس دور کا خاتمہ ہوسکے اور ایک خوشحال دور کا آغاز عمل میں آئے۔ انہوں نے بیان کے آخر میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا متحدہ طور پر استعمال کریں اور ووٹ کو تقسیم ہونے سے بچائیں اور ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔