ووڈا فون آئیڈیا بدترین خسارہ سے دوچار

,

   

ریلائنس جیو کے باعث تمام کمپنیوں کی حالت خراب
ممبئی : ملک کی دوسری سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ووڈافون۔آئیڈیا کو ہندوستانی کارپوریٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اسے 73 ہزار کروڑ روپے سے زائد کا خسارہ ہوا ہے۔ کمپنی نے چہارشنبہ کو شیئر بازاروں کو بھیجے گئے نتائج میں یہ اطلاع دی ہے۔ایک مالی سال میں کسی بھی ہندوستانی کمپنی کا یہ اب تک کا سب سے زیادہ نقصان ہے۔ووڈافون۔ آئیڈیا نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق قانونی واجبات کی ادائیگی کو اتنی بڑی رقم کے خسارے کا سبب قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ غیر مواصلاتی آمدنی کو بھی سپریم کورٹ کے حکم کے تحت قانونی واجبات کے حساب کتاب میں شمار کرنا تھا ، جس کی بنیاد پر کمپنی کو حکومت کو51,400کروڑ رو پے ادا کرنے ہیں۔مارچ2020 ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں کمپنی کو11,643 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا۔ پچھلے مالی سال میں اس عرصے کے دوران یہ خسارہ 4,188کروڑ روپے کا تھا۔ مارچ2020 ء کی سہ ماہی کے دوران کمپنی کی آپریشنل آمدنی 11,754کروڑ روپے رہی۔قابل ذکر ہے کہ 2018 ء میں بھی ووڈا فون آئیڈیا کو 14ہزار کروڑ روپے سے زائد نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ ٹیلی کوم مارکیٹ میں ریلائنس جیو کے آنے کے بعد سے ہی تمام کمپنیوں کی حالت خراب ہو گئی ہے۔ ان کے منافع میں بھاری گراوٹ کے ساتھ ساتھ آمدنی میں بھی کمی آئی ہے جس کی وجہ سے کچھ کمپنیوں کو انضمام کا راستہ اختیار کرنا پڑا ہے۔