ویریندر کمار، لوک سبھا کے عبوری اسپیکر مقرر

,

   

نومنتخب 17 ویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس کا 17 جون سے آغاز
نئی دہلی ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے حلقہ نیکم گڑھ (محفوظ برائے درج فہرست طبقات) سے لگاتار ساتویں مرتبہ منتخب بی جے پی کے رکن ویریندر کمار کو 17 ویں لوک سبھا کا عبوری اسپیکر مقرر کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی اس ضمن میں کی جانے والی قیاس آرائیاں ختم ہوگئیں۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کی طرف سے جاری کردہ ایک حکمنامہ میں کہا گیا ہیکہ ’دستور ہند کی دفعہ 95 کے فقرہ (1) کے تحت محصلہ اختیارات استعمال کرتے ہوئے عوامی ایوان کے رکن ڈاکٹر ویریندر کمار کو ایوان کے 17 جون 2019ء سے شروع ہونے والے اجلاس کی بحیثیت عبوری اسپیکر فرائض انجام دینے کیلئے مقرر کررہا ہوں‘۔ ویریندر کمار بحیثیت عبوری اسپیکر نومنتخب ارکان کو 17 اور 18 جون کو ایوان کی رکنیت کا حلف دلائیں گے۔ نئے اسپیکر کا 19 جون کو انتخاب عمل میں آئے گا۔ قبل ازیں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ سینئر ارکان رادھا موہن سنگھ یا منیکا گندھی کو اسپیکر بنایا جاسکتا ہے۔ ہنوز اس ضمن میں صورتحال واضح نہیںہوسکی ہے۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند 20 جون کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ بجٹ سیشن اگرچہ 26 جون تک جاری رہے گا۔ نئی حکومت کا پہلا بجٹ 5 جولائی کو پیش کیا جائے گا۔