ویسٹ انڈیز ٹیم میں کیرن پولارڈاور سنیل نارائن کی واپسی

   

سینٹ جانس ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ٹیم کے سینئر کھلاڑی سنیل نارائن اور آل راونڈر کیرن پولارڈ کو ہندوستان کے خلاف 3 ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کیلئے 14 رکنی ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین مقابلوں کی یہ سیریز امریکہ کے شہر فلوریڈا میں 3 اگست کو شروع ہوگی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین انتھونی براملے ویسٹ انڈیز کی معلنہ ٹیم میں واحد نیا چہرہ ہے جنہیں ابتدائی دو مقابلوں کیلئے ٹیم منتخب کیا گیا ہے جو کہ 3 اور 4 اگست کو کھیلے جائیں گے اور امید ہیکہ 6 اگست کو گیانا کے نیشنل اسٹیڈیم میں سیریز کے تیسرے مقابلہ کیلئے ٹیم میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔ معلنہ ٹیم کی قیادت کارلوس براتھویٹ کریں گے جس میں آل راونڈر اینڈری رسل بھی شامل ہیں جوکہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ورلڈ کپ کے دوران ٹورنمنٹ مکمل نہیں کھیل پائے تھے۔ سلیکشن پینل کے عبوری چیرمین رابرٹ ہینس نے کہا ہیکہ سینئر اوپنر کریس گیل نے ہندوستان کے خلاف اس سیریز میں شرکت کیلئے عدم دستیابی سے بورڈ کو آگاہ کردیا تھا کیونکہ وہ کینیڈا میں جی ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں شرکت کررہے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر جان کیمبل اور بائیں ہاتھ کے اسپنر کیری پیری کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے تناظر میں ٹیم کا اس طرح انتخاب کیا گیا ہے۔ ٹیم کے اعلان کے بعد ٹوئنٹی 20 کی عالمی چمپئن ٹیلم کے عبوری چیرمین رابرٹ نے کہا کہ منتخب کردہ ٹیم نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن ٹیم ہے اور یہ ویسٹ انڈیز کا دورہ کررہی ہندوستانی ٹیم کے خلاف بہتر مظاہرہ کی صلاحیت رکھنے کے علاوہ آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں خطاب کے دفاع کیلئے بھی بہتر ٹیم ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے پیش نظر ہم نے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں اور ہندوستان کے خلاف مجوزہ ٹوئنٹی 20 سیریز کھلاڑیوں کیلئے ایک بہترین موقع ہوگا جس کے ذریعہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اور خاص کر کہ بہترین ٹیم کے خلاف دباؤ کے لمحات میں مزید نکھار سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں جن کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے ان میں بیشتر کھلاڑی آئی پی ایل کا تجربہ رکھتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ آئی پی ایل کا تجربہ ان کیلئے نہ صرف اس سیریز میں کام آئے گا بلکہ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے بھی یہ سودمند ہوگا۔ یاد رہے اسپنر سنیل نارائن نے آخری مرتبہ ٹوئنٹی 20 مقابلہ میں ویسٹ انڈیز کی دو سال قبل نمائندگی کی تھی جبکہ بیٹنگ آل راونڈر پولارڈ بھی گذشتہ نومبر میں دورہ ہندوستان پر ٹیم کا حصہ تھے۔ رابرٹ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ نارائن اور پولارڈ جو دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شاندار مظاہرہ کرچکے ہیں اور وہ اس وقت ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ بھی ہیں لہٰذا انہیں ویسٹ انڈیز کی دوبارہ نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے۔ 28 سالہ برامبل کو ٹیم میں بحیثیت دوسرے وکٹ کیپر شامل کیا گیا ہے جو کہ نیکولاس پورن کی مدد کریں گے جوکہ گذشتہ تین برسوں کے دوران کوئی سرکاری ٹی ٹوئنٹی مقابلہ نہیں کھیلا ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ابتدائی دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں کیلئے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کارلوس براتھویٹ (کپتان)، سنیل نارائن، کیموپال، کھیری پیری، کیرن پولارڈ، نیکولاس پورن (وکٹ کیپر)، رومن پال، اینڈرے رسل، اوشانے تھامس، انتھونی برامبل (وکٹ کیپر)، جان کیمبل، شیلٹن کاٹرن، شیمرون ہیٹ مائر اور ایون لوئس۔