ہندوستانی ٹیم کا اگلا مقابلہ چہارشنبہ کو نیدرلینڈز سے ہوگا
برمنگھم(انگلینڈ)15؍جون(ایجنسیز ) ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ایک اہم میاچ میںہندوستانی ٹیم کے جیت لئے دئے گئے 171رنز کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم 106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اسے 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔برمنگھم میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ون کے میچ میں انڈین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 170 رنز بنائے۔ سمرتی مندانا نے 68 رنز کی اننگز کھیلی، ہرمن پریت کور 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، رچا گھوش نے 17 گیندوں پر 34 رنز بنائے اور بڑا اسکور کھڑا کرنے میں اہم رول ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔171 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو اوپنرز منیبہ علی اور گل فیروزہ نے38 رنز کا آغاز کرکے اچھی بنیاد فراہم کی تاہم 12 رنز بنا کر گل فیروزہ آؤٹ ہوگئیں۔اس کے بعد گرین شرٹس مومنٹم برقرار نہ رکھ سکیں اور وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ پاکستان کی 6 بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکیں۔ 17 ویں اوور میں پاکستان ویمنز 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گرین شرٹس کی جانب سے منیبہ علی 41 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ ہندوستان کی دیپتی شرما نے چار اوورز میں 10 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں۔آج بھی دوران ٹاس ہندوستانی کپتان نے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا اور ٹاس جیتنے کے بعد انٹرویو دیکر ڈریسنگ روم روانہ ہوگئیں۔منگل کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا جبکہ انگلینڈ ویمنس ٹیم کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہوگا ۔ ہندوستانی ٹیم کا اگلا مقابلہ چہارشنبہ17جون کو نیدرلینڈز کے ساتھ ہوگا جس کے پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد حوصلہ بلند ہیں ۔