ٹرمپ میکسیکو دیوار پر بضد ، نیشنل ایمرجنسی کا نفاذ زیرغور

   

ڈیموکریٹس کے ساتھ مذاکرات وقت کا ضیاع ہوا : امریکی صدر
نینسی پیلوسی کا ٹرمپ پر بے تکے ریمارکس کرنے کا الزام

واشنگٹن ۔ 2 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کرنے سے قریب تر ہورہے ہیں تاکہ ملک کی جنوبی میکسیکو سرحد کے پاس دیوار کیلئے فنڈنگ کو یقینی بنایا جاسکے، جس کا مقصد غیرقانونی تارکین وطن کو امریکہ میں داخلے سے روکنا ہے۔ قومی ایمرجنسی کی صورت میں ٹرمپ کو کانگریسی منظوری کے بغیر دیوار کے معاملے میں آگے بڑھنے کا موقع مل جائے گا اور اُنھیں عاملانہ اختیارات حاصل ہوں گے کہ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈس کو جنوبی میکسیکو سرحد کے لئے مختص کرسکیں۔ ٹرمپ نے سی بی ایس نیوز کے ’فیس دی نیشن ‘ پروگرام کو بتایا کہ اپوزیشن ڈیموکریٹس کے ساتھ بارڈر سکیورٹی کے بارے میں جاری مذاکرات وقت کا ضیاع ہیں ۔ انھوں نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کو نہایت سخت موقف اختیار کرنے اور گھٹیا سیاست چلنے کا مورد الزام ٹھہرایا ۔ انھوں نے پیلوسی کے خلاف اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا : ’’میں سمجھتا ہوں کہ وہ بہت سخت موقف اختیار کررہی ہیں لیکن یہ ہمارے ملک کیلئے بہت خراب بات ہے ۔ وہ جانتی ہیں کہ ہمیں بڑی رکاوٹ کی تعمیر کرنا ہے اور وہ بارڈر سکیورٹی کے تعلق سے بھی سمجھتی ہیں ۔ اس کے باوجود وہ سرحدوں کو کھلے چھوڑدینا چاہتی ہیں ، انھیں فرق نہیں پڑتا کہ غیرقانونی انسانی منتقلی ہوتی رہے ‘‘ ۔ ٹرمپ نے کہاکہ پیلوسی مجوزہ دیوار کے خلاف اپنے موقف کے ذریعہ ملک کو سینکڑوں بلین ڈالر کا نقصان پہونچارہی ہیں ۔ وہ ہمارے ملک کی بدترین بدخدمتی کررہی ہے ۔ سی بی ایس نیوز کی جانب سے نشر کردہ انٹرویو میں ٹرمپ نے کہاکہ اپوزیشن ڈیموکریٹس کے ساتھ مذاکرات جو حکومتی شٹ ڈاؤن کے بعد شروع ہوئے ، ختم ہوچکے اور وقت ضائع ہوا ہے ۔ قبل ازیں میڈیا کے نمائندوں کوامریکی صدر نے بتایا کہ اب ہم نیشنل ایمرجنسی کے متبادل اقدام پر غور کررہے ہیں کیونکہ میں نہیں سمجھتا کہ اس کے بغیر کوئی ٹھوس اقدام ہونے والا ہے ۔ میرے خیال میں ڈیموکریٹس بارڈر سکیورٹی نہیں چاہتے ہیںاور جب میں سنتا ہوں کہ وہ دیواروں کو غیراخلاقی سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ دیواریں تعمیر کرنے سے کچھ نہیں ہوگا ، لیکن اُنھیں معلوم ہونا چاہئے کہ مجوزہ دیوار امریکی مفادات کے لئے فائدہ مند ہوگی ۔ ٹرمپ نے زور دیا کہ وہ بہرحال دیوار تعمیر کرنے جارہے ہیں اور ہم ایسا کرکے رہیں گے اور یہی ایک راستہ ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کو ملک میں داخلے سے روکا جاسکے۔ دریں اثناء پیلوسی کے دفتر نے ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ بے تکے ریمارکس کررہے ہیں ۔ پیلوسی کے ترجمان ڈرو ہیمیل نے کہاکہ صدر ٹرمپ کا بے تکا پن ہمیں محفوظ تر نہیں بنائے گا ۔ ڈیموکریٹس نے دو طرفہ کانفرنس کمیٹی میں سرحدی سلامتی کے تعلق سے مضبوط ، عمدہ اور موثر حل پیش کئے جبکہ صدر بدستور دوسرے شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کے موڈ میں نہیں ہے ۔پیلوسی نے کہاکہ صدر موصوف ڈیموکریٹس کے تعلق سے کافی غلط فہمیاں رکھتے ہیں جس سے ہمارے ملک کے مسائل کو حل کرنے میں دقت آرہی ہے ۔