واشنگٹن: ڈونالڈ ٹرمپ نے نیویارک کے ایک انتخابی جلسے میں اپنی حریف صدارتی امیدوار کملا ہیریس پر امریکہ کو تباہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ کملا ہیریس کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی ریلی میں استعمال کی گئی زبان ‘توہین آمیز تھی۔ ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کی رات نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ایک انتخابی ریلی میں نائب صدر کملا ہیریس پر شدید تنقید کی اور ایک بار پھر انہیں “کم آئی کیو” والی یعنی کند ذہن شخصیت قرار دیا۔ٹرمپ نے کہا، “تم نے ہمارے ملک کو تباہ کر دیا۔ ہم اسے مزید برداشت نہیں کریں گے، کملا، تمہیں نکالا جا چکا ہے۔ باہر نکلو، باہر جاؤ، تمہیں مسترد کر دیا گیا ہے۔” سابق صدر کا کہنا تھا، “یہ انتخابات اس بات کا امتحان ہوں گے کہ آیا ہمیں مزید چار سال مجموعی نااہلی اور ناکامی دیکھنی پڑے گی، یا پھر ہم اپنے ملک کی تاریخ کے عظیم ترین دور کا نیا آغاز کریں گے۔”انتخابی ریلی میں ریپبلکن صدارتی امیدوار کو ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے متعارف کرایا، جن کی اس ریلی میں موجودگی بھی حیران کن تھی، کیونکہ اب تک وہ بیشتر اوقات ریلی سے غیر حاضر رہی ہیں۔ٹرمپ کی تقریر تقریباً سوا گھنٹے تک جاری رہی، جس میں انہوں نے غیرقانونی امیگریشن کو روکنے سمیت بیشتر انہی وعدوں کا اعادہ کیا، جو وہ انتخابی مہم کے دوران اب تک کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے گینگ تشدد کو غیر قانونی امیگریشن سے جوڑتے ہوئے وعدہ کیا کہ اگر وہ 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوئے تو وہ “ملک میں آنے والے مجرموں کے حملوں کو” روکنے کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے ایسے تارکین وطن کو سزائے موت دینے کی بھی بات کہی، جو کسی امریکی شہری یا قانون نافذ کرنے والے اہلکار کو قتل کر دیتا ہو۔