ٹریفک جام کے معاملہ میں بنگلور ملک کے شہروں میں سرفہرست

   

ہر سال 168 گھنٹے عوام کے ضائع، حیدرآباد 123 گھنٹوں کے ساتھ چھٹویں مقام پر
حیدرآباد ۔27۔ اپریل (سیاست نیوز) ملک میں گاڑیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کے نتیجہ میں بڑے شہروں میں ٹریفک کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ ملک کے میٹرو پولیٹن شہروں میں بڑھتی ٹریفک نے عوام کے لئے دشواریوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ ٹریفک جام کے معاملہ میں ملک بھر میں بنگلور شہر کو اولین مقام حاصل ہوا ہے جہاں ایک سروے کے مطابق ہر سال عوام کو تقریباً 168 گھنٹے ٹریفک میں گزارنے پڑتے ہیں۔ پونا ملک میں ٹریفک کے اعتبار سے دوسرا شہر ہے جہاں سال بھر میں 152 گھنٹے عوام کے ٹریفک جام کے سبب ضائع ہوتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں ٹریفک کا سامنا کرنے والے شہروں کا سروے کیا گیا جس میں حیدرآباد چھٹویں مقام پر رہا۔ کولکتہ میں ہر سال 150 گھنٹے ٹریفک کے سبب ضائع ہوتے ہیں جبکہ چینائی میں 132 گھنٹے عوام ٹریفک جام کا شکار رہتے ہیں۔ ممبئی جیسے مصروف ترین شہر میں 126 گھنٹے اور حیدرآباد میں 123 گھنٹے تک عوام کو ٹریفک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جئے پور میں 121 گھنٹے جبکہ ارناکلم میں 118 گھنٹے ٹریفک میں وقت ضائع ہوتا ہے۔ احمد میں 106 گھنٹے اور نئی دہلی میں 104 گھنٹے ہر سال عوام ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں۔ ملک بھر میں 2 اور 4 وہیلرس گاڑیوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ عوام کو ٹریفک جام سے شائد ہی نجات دے پائے گا۔1/k/m/b