ٹیلی فون ٹیاپنگ، میرے خدشات درست ثابت : ڈاکٹر سوندرا راجن

   

نومبر 2022 سے فون ٹیاپنگ کی شکایت، حکومت سے دعویٰ مسترد

حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے ان کا ٹیلی فون ٹیاپ کرنے سے متعلق خدشات درست ثابت ہوئے ہیں۔ فون ٹیاپنگ کی تحقیقات میں گرفتار کئے گئے عہدیداروں کی جانب سے سابق گورنر اور راج بھون کے ٹیلی فون ٹیاپ کرنے سے متعلق اعتراف پر ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ انہوں نے مکمل شواہد کے ساتھ یہ شکایت کی تھی کہ ان کا ٹیلی فون ٹیاپ کیا جارہا ہے لیکن بی آر ایس حکومت نے قبول نہیں کیا ۔ سوندرا راجن نے کہا کہ سابق میں میں نے فون ٹیاپنگ کے سلسلہ میں جو کچھ کہا تھا وہ آج درست ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے ان کے ٹیلی فون کی ٹیاپنگ کی تھی۔ کئی اپوزیشن قائدین کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر سوندرا راجن اور راج بھون کے لینڈ لائن نمبرات کی ٹیائنگ کی گئی۔ سابق حکومت نے گورنر کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے یہ قدم اٹھایا تھا کیونکہ راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدہ صورتحال تھی۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ میں نے پہلی مرتبہ نومبر 2022 میں ٹیلی فون ٹیاپنگ کی شکایت کی تھی لیکن اسوقت کی حکومت نے میرے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے سیاسی تبصرہ قرار دیا تھا جبکہ مجھے یقین تھا کہ ٹیلی فون ٹیاپ کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ حکومت کے آخری ڈھائی برس میں راج بھون سے پرگتی بھون کے روابط کشیدہ رہے اور گورنر نے حکومت کی جانب سے پروٹوکول نظرانداز کرنے کی شکایت کی تھی۔ گورنر کو اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب سے روکا گیا اور چیف منسٹر نے راج بھون کے کسی بھی پروگرام میں شرکت نہیں کی تھی۔1