ٹی20 درجہ بندی میں آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی پیشقدمی

   

دبئی ۔ ٹی20 درجہ بندی میں آسٹریلیا کے بیٹر ٹریوس ہیڈ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 24، 45 اور 33 کے اسکور کے بعد پہلی بارٹاپ 20 میں داخل ہوئے ہیں۔ ٹم ڈیویڈ نے پہلے میچ میں صرف 10 گیندوں پر31 رنز بنائے جس سے وہ 6 درجے ترقی کے بعد 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے اور کیریئر میں پہلی بار 600 نشانات کا ہندسہ عبورکیا۔ کپتان مچ مارش اس فہرست میں دو درجے ترقی کرکے 15ویں اور آل راؤنڈرز کے لیے 21 درجے ترقی کرکے 13ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹاپ 6 بولروں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے، آسٹریلیا کے فاسٹ بولرجوش ہیزل ووڈ ساتویں نمبر پر ٹاپ 10 میں واحد نئے بولر ہیں، جب کہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن سیریز میں پانچ وکٹیں لینے کے بعد اسی زمرے میں 20 درجے ترقی کرکے 29 ویں نمبر پر ہیں۔
ممبئی اور ناگپور میں سیمی فائنلز
نئی دہلی: ہفتہ کو شروع ہونے والے رانجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں ممبئی گھر پر تامل ناڈو سے کھیلے گا جبکہ ودربھ ناگپور میں مدھیہ پردیش کی میزبانی کرے گا۔ ناگپور کا وی سی اے اسٹیڈیم اور ممبئی کا بی کے سی گراؤنڈ پریمیئر ڈومیسٹک ٹورنمنٹ کے آخری چار مرحلے کے میچوں کی میزبانی کرے گا۔ ودربھ نے کرناٹک کو 127 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔