بی آر ایس کی طرح کانگریس دور میں بھی وہی صورتحال، شاد نگر میں پالمور مؤمنٹ فورم کی پریس کانفرنس
شادنگر 16 اپریل ( یہاں سب ڈسٹرکٹ نیوز ) پالامورو۔رنگا ریڈی پروجیکٹ کے کاموں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف ڈنڈی ندی کے پروجیکٹ کے ذریعہ پالامورو ضلع کا پانی نلگنڈہ ضلع کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ بی آر ایس نے بھی ناانصافی کی، اور کانگریس کے دور میں بھی وہی صورتحال برقرار ہے۔ اسی لیے ہم نے تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور جب تک پالامورو پروجیکٹ مکمل نہیں ہوتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار پینڈنگ پروجیکٹس موومنٹ فورم کے چیئرمین راجیندر ریڈی اور پالامورو اسٹڈی فورم کے کنوینر راگھولو نے چہارشنبہ کے روز شادنگر کے پینشنرز بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دو دنوں سے پالامورو ضلع کے تمام پروجیکٹس کا دورہ کر رہے ہیں اور چہارشنبہ کے روز لکشمی دیوی پلی ریزروائر کے لیے منتخب مقام کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لیڈران دعویٰ کر رہے ہیں کہ پالامورو-رنگا ریڈی پروجیکٹ 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے ، لیکن حقیقت میں 10 فیصد کام بھی مکمل نہیں ہوا۔ شادنگر حلقہ کے عوام نے لکشمی دیوی پلی ریزروائر سے بہت ساری امیدیں وابستہ کی ہیں ، لیکن اب تک ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈنڈی سے پانی نلگنڈہ ضلع کو منتقل کرکے پالامورو کے ساتھ شدید ناانصافی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پالامورو پروجیکٹ کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے پالامورو ضلع کے موجودہ اور سابق ایم ایل ایز سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر خصوصی توجہ دیں۔ شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ لکشمی دیوی پلی ریزروائر کے معاملے پر حکومت پر دباؤ ڈالیں۔ اس موقع پر موومنٹ فورم کے رہنما ٹی جی سری نواس، وی راماراؤ، محمد حنیف سدھاکر ریڈی اور دیگر اہم قائدین موجود تھے۔