تلنگانہ میں ڈبل انجن سرکار کی ضرورت، بی جے پی قائد ڈاکٹر لکشمن کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔16۔ مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور او بی سی مورچہ کے قومی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس دراصل ٹی آر ایس ، کانگریس اور مجلس کے اجلاس میں تبدیل ہوگیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ عوامی مسائل پیش کرنے سے روکنے کیلئے بی جے پی ارکان کو اجلاس کے پہلے دن معطل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معطلی اجلاس کے اختتام تک کی گئی تاکہ بی جے پی ارکان ایوان میں پہنچ کر حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب نہ کرسکے۔ مرکز پر کے سی آر کی تنقیدوں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی کے فلور کو مرکزی حکومت پر تنقید کیلئے استعمال کیا ہے۔ تصرف بل پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے کے سی آر نے ریاست کے مسائل کے بجائے بی جے پی پر تنقید کرنے کیلئے زیادہ وقت لیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی نتائج سے کانگریس سے زیادہ کے سی آر خوفزدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ ڈبل انجن کو چار ریاستوں کے عوام نے اقتدار عطا کیا ہے۔ لکشمن نے کہا کہ اسمبلی سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ بی جے پی اور کانگریس ایک سکہ کے دو رخ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معطل کردہ ارکان کی غیر موجودگی میں چیف منسٹر کی جانب سے تنقید کرنا افسوسناک ہے۔ اسمبلی قواعد کے مطابق غیر موجود ارکان پر نکتہ چینی نہیں کی جاسکتی۔ چیف منسٹر نے مرکز اور بی جے پی کو نشانہ بنانے کیلئے اسمبلی کا غلط استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹی وکرمارکا کی جانب سے بی جے پی پر تنقید باعث حیرت ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے حجاب کے بارے میں کے سی آر کے بیان کو شیطان کی جانب سے ویدوں کا درس دینے کے مترادف ہے قرار دیا ۔ اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے کے سی آر نے نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ ر