پانی ضائع کرنے والوں کی اب خیر نہیں…!

   

10 ہزار روپئے تک جرمانہ کا انتباہ ، متعلقہ عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کو سخت ہدایتیں
نظام آباد۔ 14 جولائی ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بارش کی کمی کے پیش نظر ضلع انتظامیہ کی جانب سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے پانی ضائع کرنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا انتباہ دیا ، ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں پینے کے پانی کے ضیاع کو ہر صورت روکا جائے اور جو بھی شخص پینے کا پانی ضائع کرتا پایا جائے، اس کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے علاقوں میں پانی ضائع کرنے والوں پر 10 ہزار روپئے اور گرام پنچایت حدود میں 5 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا جائے۔منگل کے روز انٹیگریٹڈ ڈسٹرکٹ آفس کمپلیکس میں پینے کے پانی کی فراہمی، آبپاشی کے لیے پانی کی دستیابی اور زیرِ زمین آبی ذخائر میں اضافے سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے نظام ساگر اور سری رام ساگر جیسے اہم آبی ذخائر میں موجود پانی کی صورتحال اور آئندہ ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ایل نینو کے اثرات کے باعث رواں سال بارشوں میں کمی اور خشک سالی کے امکانات ہیں، اس لیے دستیاب آبی وسائل کا نہایت محتاط انداز میں استعمال ضروری ہے۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ پینے کے پانی کو تعمیراتی کاموں یا دیگر غیر ضروری مقاصد کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے اور اس کی مؤثر نگرانی کی جائے۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام رہائشی علاقوں میں محفوظ پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وی۔ بھوجنگ راؤ، ضلع پریشد سی ای او سایا گوڑ، ڈی آر ڈی او ساینا، ڈی پی او سرینواس راؤ، ضلع آبپاشی افسر پرکاش، آر ڈبلیو ایس اور دیگر متعلقہ محکموں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔