صفائی انتظامات کی تاکید ، نارائن پیٹ کے جاجاپور گاؤں میں گرام سبھا ، کلکٹر کا خطاب
نارائن پیٹ ۔ 2 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر پرینکا نے کہا کہ دیہات کی ہمہ گیر اور پائیدار ترقی عوام کی شراکت سے ہی ممکن ہے۔ مہاتما گاندھی جینتی کے موقع پر وکسیت گرام پنچایت پلان (وی بی جی رام جی) کے تحت نارائن پیٹ منڈل کے جاجا پور گاؤں میں زیڈ پی ہائی اسکول کے احاطے میں سرپنچ سنگیت کی صدارت میں خصوصی گرام سبھا منعقد ہوئی، جس میں کلکٹر پرینکا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔کلکٹر نے سرپنچ کے ہمراہ مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں گاؤں کے سماجی نقشہ اور وسائل کے نقشہ کا جائزہ لیتے ہوئے گاؤں میں دستیاب وسائل اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبہ بندی پر زور دیا۔گرام سبھا سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ ہر گرام پنچایت میں روایتی انداز میں یکساں نوعیت کے کام کرنے کے بجائے مقامی ضروریات، دستیاب وسائل اور مستقبل کے تقاضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں۔کلکٹر نے پانی کے تحفظ کو ہر فرد اور ہر خاندان کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے اور پانی کے کفایتی استعمال کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی صفائی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک سماجی فریضہ ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ روزگار کی ضمانت اسکیم کے تحت گاؤں میں دستیاب کاموں سے ہر خاندان کو واقف کرایا جائے اور پانی کے تحفظ، بنیادی سہولتوں، سڑکوں اور ضروری تعمیرات جیسے ترقیاتی کام منصوبہ بند انداز میں انجام دیئے جائیں۔گرام سبھا کے اختتام پر پانی کے تحفظ، صفائی اور بچوں کی شادیوں کی روک تھام کا اجتماعی عہد لیا گیا اور جاجا پور کو بچوں کی شادیوں سے پاک گاؤں قرار دینے کی قرارداد منظور کی گئی۔اس موقع پر ڈی آر ڈی او وینکٹ رامولو، ڈی ڈبلیو او راجندر گوڑ، فشریز کوآپریٹیو سوسائٹی کے صدر کانتھ کمار، ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر یادایا، ایم پی او بالاجی، ڈپٹی سرپنچ لکشمن، وارڈ ممبران، مختلف محکموں کے عہدیداران اور گاؤں کے عوام موجود تھے۔