پاکستان میں 9 مسافروں کو بس سے اتارکرگولی ماردی گئی

   

دوواقعات میں جملہ 11افراد کا قتل‘ پولیس کو دہشت گردوں کی تلاش
اسلام آباد : پاکستان کے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو بس سے اتار کر قتل کردیا۔واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔ڈپٹی کمشنر نوشکی کے مطابق نوشکی کے مقام پر قومی شاہراہ پر ایک بس سے مسلح افراد نے 9 مسافروں کا اغوا کیا اور انہیں قریبی پہاڑوں کی جانب لے گئے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافر بس کوئٹہ سے تفتان جارہی تھی۔بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ نوشکی سے اغوا کیے جانے والے 9 مسافروں کی نعشیں پہاڑی کے قریب پل کے نیچے سے ملیں، مرنے والوں کا تعلق منڈی بہاؤ الدین، گوجرانوالہ اور وزیرآباد سے ہے۔پولیس کے مطابق کسی اغوا کار کو ہلاک یا گرفتار کرنے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔علاوہ ازیں نوشکی میں قومی شاہراہ پر گاڑی پر فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 2 افرادجاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔ڈی سی نوشکی نے بتایا کہ ایک جاں بحق شخص رکن صوبائی اسمبلی کا رشتے دارہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے نوشکی میں فائرنگ سے 11 افرادکے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ معصوم افراد پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کوسبوتاڑ کرنا ہے۔ادھرکراچی میں ایک اور بس پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاواکردیا اور مسافروں سے نقدی، موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگئے۔
اروشا کے علاقے میں گزشتہ ہفتے سے شدید بارش ہو رہی ہے ، جس کی وجہ سے انفراسٹرکچر کے لیے ایک تباہ کن ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔