نیپئر۔ پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹ سے شکست دے دی تاہم وہ سیریز 1-2 سے ہار گئے۔ نیپئر میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر173 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 2 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کو 40 رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔ حیدر علی11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد پچھلے میچ میں 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے محمد حفیظ بیٹنگ کے لئے آئے اور 41 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وکٹ پر ڈٹے رہے، وہ آخری اوور میں 59 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں۔مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ، فہیم اشرف بھی صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان شاداب خان پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو کامیابی کے لئے 3 گیندوں پر 3 رنز درکار تھے جب افتخار احمد نے چھکا لگاکر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔محمد رضوان کو مین آف دی میچ سے نوزا گیا جب کہ ٹم سیفرٹ کو مین آف دی سیریز دیا گیا۔اس سے قبل ٹاس پاکستانی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مارٹن گپٹل اور ٹم سیفرٹ نے ٹیم کو 40 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم گپٹل 19 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد کپتان کین ولیمسن بیٹنگ کے لیے آئے لیکن فہیم اشرف نے انہیں بھی جلد واپس پویلین بھیج دیا، وہ صرف 1 رنز بناسکے۔پاکستانی بولرز نے ابتدائی میچوں کے مقابلے میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا، پچھلے دونوں میچوں کے ہیرو ٹم سیفرٹ بھی 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، گلین فلپس 31 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔جمی نیشام صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ڈیون کونوئے نے نصف سنچری مکمل کی اور آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا اسکور فراہم کیا۔ وہ 45 گیندوں پر 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے3، شاہین آفریدی اورحارث رؤف نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔