پاکستان کا یوم آزادی ‘ کشمیر سے یوم اظہار یگانگت

   

اسلام آباد 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اپنا یوم آزادی 14 اگسٹ کو کشمیر سے اظہار یگانگت کے طور پر منائیگا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات کہی ۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کو برخواست کئے جانے پر ہندو پاک کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جاریہ سال پاکستان اپنا یوم آزادی کشمیری عوام سے اظہار یگانگت کیلئے منائے گا ۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں جمعہ کو کہا تھا کہ اب پاکستان کیلئے وقت آگیا ہے کہ وہ نئی حقیقت کو تسلیم کرلے اور ہندوستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی سے گریز کرے ۔ ہندوستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے طور پر صورتحال کو سنگین بناکر ظاہر کرنے کی کوشش کریگا ۔ بین الاقوامی برادری یہ نہیں سمجھتی کہ کشمیر میں جنگ جیسی صورتحال ہے ۔ یہ در اصل پاکستان کی کوشش ہے کہ صورتحال کو بگاڑ کر پیش کیا جائے ۔