پاکستان کو شکست،جنوبی افریقہ نے ونڈے سیریزبھی جیت لی

   

کیپ ٹاون ۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے ونڈے سیریز 2-3 سے جیت لی۔کیپ ٹاون میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں میزبان جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔اوپنر امام الحق فیصلہ کن میچ میں ناکام رہے اور شروع میں آوٹ ہوئے جس کے بعد بابراعظم 24 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم اس دوران انہوں نے فخرزمان کے ساتھ اسکورکو 64 رنز تک پہنچایا۔ فخر زمان نے ذمہ دارانہ انداز اپناتے ہوئے ایک اچھی اننگز کھیلی اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا جس کے لیے محمد حفیظ نے 17 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا جس کے بعد وہ خود 10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر فیلکوایو کا نشانہ بنے۔سرفراز کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نبھانے والے محمد رضوان موقع سے فائدہ اٹھا نہ سکے اور نہ ہی فخر زمان کی جانب سے ترتیب دیے گئے معقول رن ریٹ کو برقرار رکھ سکے، رضوان پریٹوریس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے اس وقت پاکستان کا اسکور 5 وکٹوں پر 147 رنز تھا۔ شیعب ملک نے 31 اور شاداب خان نے 19 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم نے اختتامی لمحات میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے جارحانہ 47 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 240 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ میں 39 رنز بنائے، شاہین شاہ آفریدی نے ہاشم آملہ کو آوٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلائی تاہم ہینڈرکس نے ڈی کوک کا بھرپور ساتھ دیا۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں61 رنز بنائے تاہم ہینڈرکس 34 رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے بعد کپتان فاف ڈیوپلیسی اور ڈی کوک نے 46 رنز کا اضافہ کیا۔ ڈی کوک نے بہترین مظاہرہ کیا اور 83 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنا کر میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔کوئنٹن ڈی کوک کو میچ اور امام الحق کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔