پاکستان کی سابق سفیر ملیحہ لودھی نے نواز شریف کی عیادت کی

,

   

اسلام آباد ؍ لندن ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سابق سفیر برائے اقوام متحدہ ملیحہ لودھی نے لندن میں زیرعلاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملیحہ لودھی اوینفیلڈ اپارٹمنٹس پہنچیں جہاں نواز شریف اپنے بیٹیوں کے ساتھ رہتے ہیں اور ان لوگوں کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹہ گزارا۔ 69 سالہ نواز شریف 19 نومبر کو لندن روانہ ہوئے تھے جہاں انہیں علاج کیلئے بھیجا گیا تھا جبکہ قبل ازیں انہیں بدعنوانی معاملہ میں سات سال کی سزائے قید سنائی گئی تھی اور طبی بنیادوں پر ان کی ضمانت منظور کی گئی تھی۔ نواز شریف اس وقت متعدد بیماریوں کا علاج کروارہے ہیں۔ دریں اثناء لندن سے دی نیوز کی اطلاع کے مطابق بھی ملیحہ لودھی نے نواز شریف کی مزاج پرسی اور ان کی عاجلانہ صحتیابی کی خواہش ظاہر کی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ملیحہ نے نواز شریف کو ان کی اہلیہ کے انتقال پر پرسہ بھی دیا جن کا ستمبر 2018ء میں انتقال ہوگیا تھا جبکہ دونوں نے (شریف اور ملیحہ) سیاسی نوعیت کی کوئی بات نہیں کی۔