پاک۔امریکہ تعلقات کو متاثر ہونے نہیں دیں گے

   

عمران خاں حکومت گرانے کے الزاما ت مسترد :امریکہ
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اپنی حکومت کو گرانے میں امریکی سازش کے ملوث ہونے کے مسلسل دعوے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ حقائق کی مدد سے غلط معلومات کا مقابلہ جاری رکھے گا۔لانگ مارچ کے دوران عمران خان کی جانب سے ایک بار پھر امریکہ پر اپنی حکومت گرانے کے الزام سے متعلق سوال پر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ ’ہم غلط معلومات کا مقابلہ حقائق کی مدد سے ہی کر سکتے ہیں‘۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ محکمہ خارجہ کی جانب سے سے کئی بار ایسے دعووں کو مسترد کیا جاچکا ہے کیونکہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ’ہم پروپیگنڈے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم پاکستان کے ساتھ قابل قدر دوطرفہ شراکت سمیت اہم دوطرفہ تعلقات کی راہ میں غلط اور گمراہ کن معلومات کو آڑے نہیں آنے دیں گے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکا اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعاون کی قدر کرتے ہیں، ہم نے ہمیشہ ایک خوشحال اور جمہوری پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور اس حوالے سے ہماری رائے برقرار ہے‘۔ایک اور سوال کے جواب میں نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات کا ابھی اعلان نہیں ہوا لیکن ہم نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں آئینی اور جمہوری انتخابات کے پْرامن انعقاد کی حمایت کرتے ہیں، یہ وہ مسائل ہیں جن پر ہم دنیا بھر میں موجود ہمارے شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں‘۔