پاک۔ سعودیہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ

   

اسلام آباد : پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہیں گے، سعودی وزیر دفاع کو سول ایوارڈ ’’نشانِ پاکستان‘‘ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی تھے، ان سے ملاقات اور تبادلہ خیال کرکے انتہائی خوشی ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود کو پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی گراں قدر خدمات پر ’’نشانِ پاکستان‘‘ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی وزیردفاع کے ذریعے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں، پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز یومِ پاکستان کے موقع پر منعقدہ پریڈ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے تھے جبکہ اس پریڈ کے مہمانِ خصوصی سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان تھے۔