پبلک سرویس کمیشن کے دفتر کا گھیراؤ ، طلبہ تنظیموں کا احتجاج

   

حیدرآباد۔16۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اعلان کے مطابق مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن کا مطالبہ کرتے ہوئے طلبہ تنظیموں نے آج تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے دفتر کے گھیراؤ کی کوشش کی۔ سینکڑوں کی تعداد میں مختلف طلبہ تنظیموں کے کارکن گاندھی بھون میں جمع ہوئے اور وہاں سے نکل کر پبلک سرویس کمیشن دفتر کا گھیراؤ کیا۔ کارکنوں نے پولیس کے خلاف نعرہ بازی کی اور پولیس کا حصار توڑ کر پبلک سرویس کمیشن کے دفتر پہنچے ۔ اس موقع پر گاندھی بھون اور اطراف کے علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس نے ہلکی طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجہ میں پولیس اور احتجاجیوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی۔ احتجاجی طلبہ اور ان کے قائدین کو حراست میں لے لیا گیا ۔ این ایس یو آئی قائدین نے انتباہ دیا کہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے تقررات کے اعلامیہ کی اجرائی تک احتجاج جاری رہے گا۔