عہدیداروں نے جائزہ لیا، دیگر امور جلد شروع کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔29۔اگسٹ(سیاست نیوز) پرانے شہرمیں جاری حیدرآبا دمیٹرو ریل کے کاموں کا عہدیداروں نے آج جائزہ لیتے ہوئے جاری کی گئی ہدایات کے دوران برقی کھمبوں وتاروں کی سڑک کے کنارے منتقلی کے علاوہ ڈرینیج اور پانی کی پائپ لائن کے کاموں کو جلد شروع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر اجیت ریڈی نے آج دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ کئے گئے دورہ کے دوران دارالشفاء تا چندرائن گٹہ کی 7.5 کیلو میٹر راہداری پر متاثر ہونے والی 888 جائیدادوں میں حاصل کی جاچکی جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ان جائیدادوں کے انہدام کی کاروائی اور ملبہ کی منتقلی کو یقینی بنانے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ جن جائیدادوں کے حصول کے لئے اقدامات کئے جانے ہیں ان کے مالکین کے ساتھ جاری مذاکرات اور موقف کے متعلق آگہی حاصل کی ۔ عہدیداروں نے مسٹر اجیت ریڈی کو بتایا کہ مذکورہ راہداری پر موجود جن جائیدادوں کو حاصل کیا جانا ہے ان میں 55 جائیدادوں کے مالکین سے مذاکرات مختلف مراحل میں ہیں اور جلد ہی ان جائیدادوں کے حصول کے اقدامات بھی کرلئے جائیں گے۔ مسٹر اجیت ریڈی نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ محکمہ آبرسانی ‘ محکمہ برقی ‘ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات بالخصوص محکمہ مال ‘ پولیس اور ٹریفک پولیس کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ راہداری پر کاموں کو تیز کرنے کے لئے ریاستی حکومت کی ہدایت کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جلد ہی تمام جائیدادوں کے حصول کو یقینی بنانے کے علاوہ برقی کھمبوں و تاروں کی منتقلی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے محکمہ برقی اور آبرسانی کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اس راہداری پر اپنے تعمیری ‘مرمتی و ترقیاتی کاموں کو فوری شروع کردیں تاکہ حیدرآباد میٹرو ریل ان کاموں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ اپنے پلرس کی تعمیر کا سلسلہ شروع کرسکے۔ انہوں نے محکمہ پولیس اورٹریفک پولیس کے عہدیداروں کو سڑکوں کی توسیع کے دوران جس طرح ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل نہیں ہونے دیا گیا ہے اسی طرح آئندہ بھی ترقیاتی کاموں کے دوران رفتار کو تیز رکھتے ہوئے ٹریفک کو کم سے کم متاثر کرنے کے اقدامات یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کرنے کی تاکید کی ۔ انہوں نے تلنگانہ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ سڑکوں کی توسیع کے بعد درمیان میں آنے والے برقی کھبوں ‘ تاروں کو کنارے منتقل کرنے کے اقدامات کو تیز کریں تاکہ ان کے کاموں کی تکمیل کے لئے بھی کسی طرح کی تاخیر نہ ہوبلکہ بعجلت ممکنہ ان کاموں کو مکمل کیا جاسکے۔اس دورہ کے دوران پراجکٹ منیجر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر سی ونود کمار‘ اکزیکٹیو انجینیئرمسٹر کے شیام موہن ریڈی ‘ ڈپٹی سی ای او ٹی رامچندرن ‘ پراجکٹ منیجرٹی نرسنگ راؤ‘ ڈی جی ایم مسٹر وی پروین کمار‘ زونل کمشنر کے ستیہ نارائنہ جی ایچ ایم سی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔3