پرتگال میں غیر ملکی مزدوروں کیلئے قوانین میں سختی

   

لزبن : نئے قوانین کے تحت اب غیر ملکی کارکن سرکاری ورک پرمٹ کے بغیر اس ملک میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ ابھی تک کئی دیگر یورپی ممالک سے بھی غیرقانونی تارکین وطن، قانونی دستاویزات حاصل کے لیے اسی ملک کا رخ کرتے تھے۔ پرتگال نے غیر قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کارکنوں کو ورک پرمٹ کے لیے درخواست دینے اور اس عرصے کے دوران اس ملک میں رہنے کی اجازت دینے کا قانون ختم کر دیا ہے۔ امیگریشن پالیسی کے انچارج نائب وزیر روئی آرمینڈو فریٹاس کے مطابق یہ تبدیلی یورپی ضوابط کے عین مطابق ہے۔ لیکن غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کے مطابق یہ تبدیلی مہاجرین مخالف اور عوامیت پسند دائیں بازو کی جماعتوں کے دباؤ کے سبب کی گئی ہے۔ تاہم آرمینڈو فریٹاس کے مطابق سابقہ پالیسی کی وجہ سے یورپ بھر کے غیرقانونی تارکین وطن اس ملک کی جانب راغب ہو رہے تھے۔ پرتگال میں غیر قانونی تارکین وطن ملک میں داخل ہو سکتے تھے اور پھر ورک پرمٹ کے لیے اپلائی کر سکتے تھے۔ آرمینڈو فریٹاس کا ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت پرتگال کی امیگریشن ایجنسی میں تقریباً 4 لاکھ قانونی درخواستوں کا بیک لاگ ہونے کی وجہ سے اس پالیسی کو فوری طور پر ختم کرنے کی ضرورت تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان درخواستوں کی پراسیسنگ، جن میں سے کچھ دو سال پہلے جمع کرائی گئی تھیں، اگلے سال جون تک مکمل ہو پائے گی۔ ہمارا مقصد ان مسائل کو حل کرنا ہے، جو کئی برسوں میں پیدا ہوئے ہیں۔