ہر درخواست کو اندرون 15 دن حل کیا جائے، نلگنڈہ میں عہدیداروں کے ساتھ کلکٹر کی ویڈیو کانفرنس
نلگنڈہ۔14 اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر بی۔چندرشیکھر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ عوامی مسائل کو منڈل سطح پر ہی حل کرنے کے مقصد سے ہر پیر کو منڈل سطح پر ’’پرجا وانی‘‘ پروگرام منعقد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منڈل سطح پر منعقد ہونے والی پرجا وانی میں ایم پی ڈی او تحصیلدار میونسپل کمشنر کے علاوہ متعلقہ خصوصی عہدیدار بھی لازماً شرکت کریں۔آج ضلع کلکٹر نے کلکٹریٹ سے آر ڈی اوزتحصیلداروں ایم پی ڈی اوز اور میونسپل کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اس موقع پر منڈل سطح پر پرجا وانی کے انعقاد یوم آزادی کی تقریبات اور برسات کے موسم میں شجرکاری پروگراموں کا جائزہ لیا گیا۔کلکٹر نے کہا کہ آئندہ ہر پیر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک منڈل سطح پر پرجا وانی منعقد کی جائے۔ عوام سے موصول ہونے والی ہر درخواست کو لازماً پرجا وانی پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے اور ہر درخواست کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے 15 دن کے اندر مسئلہ حل کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پرجا وانی میں آنے والے ہر فرد کی شکایت کو صبر و تحمل سے سنیں مسئلے کو سمجھیں اور عوام کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ پرجا وانی میں شرکت نہ کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پروگرام میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کے امکان کے پیش نظر مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے ٹینٹ میز کرسیاں اور پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کو کہا۔کلکٹر نے کہا کہ پرجا وانی کے اختتام کے بعد عہدیدار جائزہ اجلاس منعقد کریں اور اس ہفتہ موصول ہونے والی درخواستوں پر محکمہ وار تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں۔ ضرورت پڑنے پر سرپنچوں کو بھی اطلاع دی جائے۔انہوں نے کہا کہ منڈل ڈویڑن اور ضلع سطح پر پرجا وانی میں موصول ہونے والی ہر درخواست کے حل کے لیے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ محکمہ وار موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لے کر عوام کو مناسب جواب دیا جائے اور ضروری ابتدائی معلومات فراہم کرتے ہوئے مسئلہ حل ہونے تک عہدیدار ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔ ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ یوم آزادی کی تقریبات ضلع بھر میں شایان شان طریقے سے منعقد کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ ویڈیو کانفرنس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) جے۔ سرینواس ضلع ریونیو افسر دشرت انچارج ایڈیشنل کلکٹر مقامی ادارہ جات پریم کرن ریڈی آر ڈی اوز ایم پی ڈی اوز اور تحصیلداروں نے شرکت کی۔