پرجا پالنا کے تحت 2 تا 12 جون ریاست بھر میں حکومت کے خصوصی پروگرام

   

کابینی سب کمیٹی کا اجلاس، اندراماں انشورنس اسکیم کیلئے استفادہ کنندگان کے انتخاب کی ہدایت، بھٹی وکرامارکا اور دیگر وزراء کی شرکت
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) حکومت کے 99 روزہ پرجا پالنا پرگتی پرانالیکا پروگرام پر کامیاب عمل آوری پر کابینی سب کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مہم کے اختتامی مرحلہ میں 2 تا 12 جون ریاست بھر میں خصوصی پروگراموں کے انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ پرجا پالنا پروگرام کی نگرانی کے لئے قائم کردہ کابینی سب کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی صدارت میں سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سریدھر بابو اور وزیر مال سرینواس ریڈی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ پرجا پالنا کے اختتامی مرحلہ میں 2 تا 12 جون ریاست بھر میں فلاحی اسکیمات سے متعلق پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر دیہات میں گرام سبھا اور منڈل اور اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر عوامی مسائل کی سماعت کی جائے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع کی سطح پر عوامی نمائندوں کے ساتھ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے اقدامات کئے جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نظم و نسق کی بہتر کارکردگی کے لئے عوام کی شمولیت ضروری ہے اور عہدیداروں کو جوابدہ بنایا جائے۔ کابینی سب کمیٹی نے 2 تا 12 جون مختلف پروگراموں کو قطعیت دی جن میں ماحولیات کا تحفظ، روڈ سیفٹی، بہبودی خواتین و اطفال، ہاؤزنگ، شہری ترقی، گرین انرجی جیسے اُمور شامل ہیں۔ خصوصی مہم کے دوران ریاستی وزراء مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے۔ حکومت نے یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر غریب خاندانوں کے لئے اندراماں فیملی انشورنس اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ہر غریب اور مستحق خاندان کو انشورنس کے دائرہ میں شامل کیا جائے۔ ہر گھر سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے انشورنس کے اہل خاندانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ انشورنس اسکیم کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری مہم کا فیصلہ کیا گیا اور دیہاتوں کی سطح پر خصوصی کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے تمام سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ پرجا پالنا کے تحت طے شدہ پروگراموں پر مؤثر انداز میں عمل کیا جائے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن، وکاس راج، نوین متل، وانی پرساد، دانا کشور، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، سکریٹری فینانس گورو اپل اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔V/1/k/b