سری نگر: جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ نے منگل کے روز بتایا کہ کاکہ پورہ پلوامہ میں آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے میں ملوث جنگجووں کو بہت جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سبھی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں سرگرم جنگجووں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز جاری ہے جس کے ثمر آور نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں پچھلے سالوں کے مقابلے میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں اور کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔پلوامہ میں ریلوے پولیس اہلکاروں پر ہوئے حملے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈی جی پی نے کہاکہ اس حوالے سے پولیس کو پختہ ثبوت ملے ہیں اور بہت جلد حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ڈی جی پی کے مطابق ریلوے پولیس پر حملے کے بعد متعدد ملی ٹینٹ تنظیموں نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم یہ سارے ملی ٹینٹ گروپ لشکر طیبہ کی ہی ذیلی تنظیمیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاکہ پورہ پلوامہ حملے میں لشکر طیبہ کا ہاتھ ہے اور جنگجووں کو پاکستان کی جانب سے ایسا کرنے کو کہا جارہا ہے ۔دلباغ سنگھ نے کہاکہ جتنی بھی تنظیموں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور اُنہیں عنقریب ہی کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مائسمہ سری نگر میں 4 اپریل کو ملی ٹینٹوں نے سی آر پی ایف پر حملہ کیا اور سیکورٹی فورسز نے محض سات روز کے اندرا ندر اس کا بدلہ لیا اور دونوں غیر ملکی جنگجووں کو مار گرایا گیا۔پولیس چیف نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے آدھار کار ڈ برآمد ہوئے ہیں جو پاکستان کا ایک نیا حربہ ہے ۔سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس چیف نے بتایا کہ اس حوالے سے سبھی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔